پی ایس ایل 4،اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو5وکٹوں سے ہرا دی
- News Ent
- Feb 28, 2019
- 2 min read
آصف علی کے شاندار70رنز، بابراعظم کی ففٹی رائیگاں

پی ایس ایل سیزن فور کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈنے کراچی کنگز کو 5وکٹوں سے شکست دیدی۔کراچی کنگز کی جانب سے169رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلا م آباد یونائیٹڈ کے لیے لیوک رونکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ڈیلپورٹ کوئی رن بنائے بغیر عماد وسیم کا شکار بن گئے،لیوک رونکی اور فلپ سالٹ نے دوسری وکٹ کے لیے43رنز جوڑے جس کے بعد رونکی 26رنز بنا کر عمر خان کا شکار بنے جنہوں نے ایک رن پر حسین طلعت کو بھی پوویلین چلتا کیا ،آصف علی اور فلپ سالٹ نے چوتھی وکٹ کے لیے 93رنز جوڑے اور اس دوران آصف علی نے اپنی9ویں ٹونٹی ٹونٹی نصف سنچری مکمل کی ، وہ38گیندوں پر5چوکوں اور6چھکوں کی مددسے70رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے،فلپ سالٹ46رنز کی عمدہ باری کھیلنے کے بعد عثمان شنواری کے ہاتھوں پوویلین لوٹے،کپتان شاداب خان نے چھکا لگا کر کامیابی سمیٹی۔
کراچی کنگز کی جانب سے عمر خان نے 2،عماد وسیم، محمد عامر اور عثمان شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ایونٹ میں اسلام آباد کی کراچی کے خلاف دوسری فتح ہے،23 فروری کو کھیلے گئے میچ میں بھی اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دی تھی۔اس سے قبل دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میںکراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دے دیا، رومان رئیس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 23 رنز پر گری جب کولن منرو 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، لیونگ سٹون 56 رنز بنا کر شاداب خان کا نشانہ بنے، کولن انگرم 13 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، بین ڈنک 12 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے،بابر اعظم نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں فہیم اشرف نے آﺅٹ کیا، عماد وسیم 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عامر یامین 3 رنزبنا کر آﺅٹ ہوئے، محمد عامر 6 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس نے تین وکٹیں حاصل کیں، لیگ سپنر شاداب خان، عماد بٹ اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی ، کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ہمیں پہلے بیٹنگ کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
Comentarios