پاک بھارت کشیدگی ، سینکڑوں خاندانوں کو منتقل کر دیا گیا
- News Ent
- Mar 4, 2019
- 2 min read
سرحدی علاقوں کے رہائشی 375 خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے

لائن آف کنٹرول پر پاک بھارت کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر سرحدی علاقوں میں بسنے والے افراد کو حفاظتی مقامات پر منتقل کرنے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے باعث سرحدی علاقوں کے رہائشی 375 خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈی سی کوٹلی نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والے افراد کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں ختم نہ ہو سکیں، کشیدگی کے باعث کوٹلی کے 4 سیکٹرز چڑھوئی، کھوئی رٹہ، نکیال اور تتہ پانی کے 375 خاندانوں کے 2599 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ حکومت آزاد کشمیر نے دندلی کے مقام پر واقع سرکاری اسکول اور چڑھوئی کے ایک کالج میں دو کیمپ بنا دیئے ہیں۔
113 خاندان دندلی اسکول، 166 چڑھوئی کالج جبکہ 96 خاندانوں کو ان کے رشتہ داروں کے ہاں منتقل کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روج ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر یکم اور 2 مارچ کی درمیانی شب شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ لائن آف کنٹرول پر اس وقت صورتحال قدرے بہتر ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق گذشتہ رات نیزہ پیر، جند روٹ ، اور باگسر سیکٹر پر فائرنگ کے چند واقعات ہوئے۔
جس پر پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور پاک فوج کی جانب سے کی جانے والی جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایاگیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افواج مکمل طور پر چوکنا اور ہمہ وقت تیار ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹے میں پاکستان کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ بھارت کے ساتھ حالات کشیدہ ہونے پر سرحد پر موجود افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ اور ایسے میں عوام کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے سرحدی علاقوں میں بسنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
コメント