top of page

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اہم اجلاس جاری

  • Writer: News Ent
    News Ent
  • Feb 27, 2019
  • 2 min read

بھارتی جارحیت اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

تازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 فروری۔2019ء) بھارتی در اندازی کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اہم اجلاس جاری ہے،اجلاس کے بعد پارلیمانی لیڈرز کو بریفنگ دی جائے گی. ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس ‘ کمانڈ اتھارٹی کے ممبر وزراء، ڈی جی آئی ایس آئی،ڈی جی ایس پی ڈی اور دیگر اعلی حکام شریک ہیں.

اجلاس میں ملکی سلامتی اور جوہری صلاحیت سے متعلق امور زیر غورذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے فضائی دراندازی کے واقعہ کے بعد کی صورتحال پر غور ہو گا.

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت نے فیصلہ کیا تھا کہ جوابی کارروائی کے لیے وقت اور جگہ کا تعین پاکستان خود کرے گا.

ادارے کے ارکان میں وزیر خارجہ، وزیر دفاع، وزیر خزانہ، وزیر داخلہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف شامل ہیں‘ ڈائر یکٹر جنرل اسٹریٹجک پلان ڈویژن ادارے کے سیکرٹری ہیں. ملک کے جوہری اسلحے اور میزائل سسٹم کے آپریشنل کمان اور کنٹرول کی نگرانی کرنے پر مامور ادارہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی (این سی اے) وہ اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارہ ہے جو ادارے کے ماتحت سیکورٹی اہلکاروں کو اسلحہ رکھنے اور انہیں استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے.

دوسری جانب اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان قوم سے خطاب میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی میں ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کریں گے. دوسری جانب بھارتی جارحیت اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر قائم مقام بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے. ڈی جی جنوبی ایشیا و سارک ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کیا.

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج نے نکیال اور کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں 4 معصوم شہری شہید جبکہ 6زخمی ہوئے. دفتر خارجہ کے مطابق شہید ہونے والوں میں موتیا بی بی، زرینہ، گلفراز اور شہناز نامی خواتین شامل ہیں. ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی افواج بھاری ہتھیاروں کے ساتھ سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، عالمی برادری بھارت کی انسان حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے‘ بھارت 2003 کے سیز فائر معاہدے کی پابندی کرے. انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت فورسز کو سیز فائر معاہدے کی پابندی کی ہدایت کرے، بھارت اقوام متحدہ کے مبصرین کو کردار ادا کرنے کی اجازت دے.

Comments


bottom of page