top of page

میں نوبل امن انعام کا حق دار نہیں ہوں۔ وزیراعظم عمران خان

  • Writer: News Ent
    News Ent
  • Mar 4, 2019
  • 2 min read

نوبل انعام کا حقدار وہ ہو گا جو کشمیریوں کی خواہش کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کروائے گا۔ عمران خان کا ٹویٹر پیغام

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میں نوبل انعام کا حقدار نہیں ہوں ۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں امن کے نوبل انعام کا حقدار نہیں۔ نوبل انعام کا مستحق وہ شخص ہو گا جو کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں تنازعہ کشمیر کا حل تلاش کرے گا اور برصغیر میں امن و انسانی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب بارہا دوستی کا ہاتھ بڑھانے اور بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کرنے پر وزیراعظم عمران خان کو نوبل انعام کا حقدار قرار دیا جانے لگا ،عوام کی جانب سے بھی یہ مطالبہ سامنے آیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو اپنی امن پسند پالیسیوں پر نوبل انعام ملنا چاہئیے جس کے لیے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے بھی وزیراعظم پاکستان عمران خان کو نوبل امن انعام دینے کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں دو مارچ کو قرارداد جمع کروائی تھی۔

قومی اسمبلی میں جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے انتہائی دانشمندانہ کردار ادا کیا۔ بھارتی قیادت کا جنگی جنون دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کا سبب بن رہا تھا اور بھارتی قیادت اپنے جارحانہ رویے سے دونوں ایٹمی ریاستوں کو جنگ کے دہانے پر لے آئی تھی۔ دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں بھی وزیراعظم عمران خاں کو امن کا نوبل انعام دینے کے مطالبے کی قرارداد جمع کروائی گئی۔

قرارداد تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہر کی جانب سے جمع کروائی گئی ۔ قرارداد میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی جنگی جنون کے جواب میں امن کا پیغام دیاہے۔ عمران خان نے بھارتی جنگی جنون کے جواب میں امن کے لئےکامیاب حکمت عملی اختیار کی ہے۔ امن کے لئے عوامی و بین الاقوامی ترجمانی کی،اسلام کے وضع کردہ اصولوں کے مطابق صلہ رحمی اختیارکی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ عمران خان نے بھارتی پائلٹ کو رہا کیا، بھارتی فوجیوں کی بیواؤں نے مودی کو قاتل اور عمران خان کو امن کا محافظ کہاہے ۔ وزیر اعظم پاکستان اور ان کی ٹیم نے جنگی حالات میں بھی جوش کے بجائے ہوش سے کام لیا۔ اس لیے کروڑوں لوگوں کو محفوظ رکھنے کی کامیاب حکمت عملی پر عمران خان کو نوبل امن پرائز سے نوازا جائے۔

Comments


bottom of page