top of page

ملتان سلطانز کا پے درپے شکستوں کے بعد شاندار کم بیک

  • Writer: News Ent
    News Ent
  • Feb 27, 2019
  • 2 min read

پی ایس ایل 4 کے تیسرے فیز کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی شکست دے دی

پی ایس ایل کے 16 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو6وکٹوں سے ہرا دیا ۔ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے122رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے جیمز ونس اور عمر صدیق نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے54رنز جوڑے جس کے بعد ونس28رنز سکور کرکے سمت پٹیل کا نشانہ بنے،جونسن چارلس4رنز بنا کر شاداب خان کی گگلی پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ،عمر صدیق 46رنز سکور کرکے رومان رئیس کا شکار بنے،لاری ایونز محض1رن بنا کر محمد موسی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، کپتان شعیب ملک 23 اور کرسچئن 16 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد موسیٰ، رومان رئیس، پٹیل اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیو ک رونکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ڈیلپورٹ 4رنز بنا کر محمد الیاس کی گیند پر پوویلین لوٹ گئے ، صاحبزادہ فرحان بھی صرف4رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر سٹمپ آﺅٹ ہوگئے ، اسلام آباد کو سب سے بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب لیوک رونکی 32رنز بنا کر محمد الیاس کی دوسری وکٹ بنے ،حسین طلعت ایک بار پھر بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے اور8رنز سکور کرکے شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے ،سمت پٹیل20رنز بنا کر چھکا لگانے کی کوشش میں شاہد آفریدی کا دوسرا شکار بن گئے،وین پارنیل صرف5رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے ،کپتان شاداب خان کی اننگز محض4رنز تک محدود رہی،آصف علی نے 3چھکوں کی مدد سے22رنز بنائے اور پھر ڈینیئل کرسٹیان کا شکار بنے،رومان رئیس اگلی ہی گیندپر آﺅٹ ہوئے،محمد الیاس آﺅٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے اور یوں اسلام آباد کی پوری ٹیم محض121رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ،ملتان سلطانز کی جانب سے کرسچئن نے سب سے زیادہ3 وکٹیں حاصل کیں،شاہد آفریدی،محمد الیاس اور جنید خان نے 2،2 جب کہ محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مستقل کپتان محمد سمیع آج کا میچ نہیں کھیل رہے ہیں اور ان کی جگہ نوجوان آل راﺅنڈر شاداب خان ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ایونٹ میں دونوں ٹیمیں دوسری بار آمنے سامنے ہیں ،16 فروری کو مدمقابل ٹیموں میں سے ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو زیر کیا تھا۔

Comments


bottom of page