شیخ رشید کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں آنے کے مطالبے پر پی ٹی آئی ارکان نے بھی مخالفت کر دی
- News Ent
- Feb 12, 2019
- 1 min read

اسلام آباد (تازہ ترین۔ 12 فروری2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض نے شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بنانے کی مخالفت کردی۔منگل کو ایک بیان میں راجہ ریاض نے کہا کہ شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سی کا ممبر بنانے کی کوئی ضرورت نہیں، کمیٹی میں تحریک انصاف کے ارکان موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف جہاں غلط کام کرنا چاہیں گے ہم رکاوٹ بنیں گے، تمام ممبران کمیٹی میں دیانتداری سے کام کریں گے، کمیٹی وہی کام کرے گی جو ملک کے مفاد میں ہوگا۔
دوسری جانب شہبازشریف کو پی اے سی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے معاملے پربلوچستان عوامی پارٹی نے حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میںبلوچستان عوامی پارٹی کے رکن سینیٹر احمد خان شامل ہیں جو آزاد حیثیت میں الیکشن جیت کر بی اے پی میں شامل ہوئے۔
سینیٹر احمد خان کے مطابق شہبازشریف کو ووٹنگ کے ذریعے ہٹایا جاسکتا ہے، ہم حکومت کے اتحادی ہیں، حکومت کا ساتھ دیں گے۔
واضح رہے کہ شیخ رشید نے شہبازشریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کی سخت مخالفت کی ہے اور اسے حکومت کا غلط فیصلہ قرار دیا ہے جبکہ انہوں نے شہبازشریف کی تقرری کے خلاف سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کی ہے۔اس کے علاوہ شیخ رشید دعویٰ کرچکے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی پارٹی کے ایک رکن کو پی اے سی سے نکال کر انہیں کمیٹی کا رکن نامزد کیا ہے۔
Comments