سعودی عرب کی جانب سے گوادر میں آئل ریفائنری 10 سال کی بجائے 5 سال کی مدت میں تعمیر کرنے کا فیصلہ
- News Ent
- Feb 14, 2019
- 2 min read

اسلام آباد (تازہ ترین اخبار۔13 فروری 2019ء) سعودی عرب کی جانب سے گوادر میں آئل ریفائنری 10 سال کی بجائے 5 سال کی مدت میں تعمیر کرنے کا فیصلہ، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داود کا کہنا ہے کہ سعودی عرب گوادر میں ایشیا کی سب سے بڑی آئل ریفائنری جلد سے جلد تعمیر کرنے کا خواہاں ہے، کوشش ہے کہ ریفائنری کی تعمیر 4 سے 5 سال کے عرصے میں مکمل کر لی جائے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب جہاں پاکستان کی معیشت کو سنبھالنے کیلئے بھرپور مدد فراہم کر رہا ہے۔ سعودی عرب پاکستان میں آئندہ برسوں کے دوران 20 سے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کرے گا۔ اس سرمایہ کاری میں سب سے بڑا منصوبہ گوادر میں آئل ریفائنری کی تعمیر کا ہوگا۔ گوادر میں سعودی عرب ایشیا کی سب سے بڑی آئل ریفائنری تعمیر کرے گا۔
اس حوالے سے بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب یہ ریفائنری 10 سال کے عرصے میں تعمیر کرے گا۔
تاہم اب وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داود کا کہنا ہے کہ سعودی عرب گوادر میں ایشیا کی سب سے بڑی آئل ریفائنری جلد سے جلد تعمیر کرنے کا خواہاں ہے، کوشش ہے کہ ریفائنری کی تعمیر 4 سے 5 سال کے عرصے میں مکمل کر لی جائے۔ آئل ریفائنری کی تعمیر سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات باقی دنیا کے مقابلے میں قدرے سستی ہو جائیں گی۔ دوسری جانبسعودی عرب نے پاکستان کو آبی بحران سے بچانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر شروع کیے گئے 2 بڑے منصوبوں کیی فنڈنگ بھی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی عرب نے دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے پاکستان کو فنڈنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈیموں کی تعمیر کیلئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران باقاعدہ یاداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔ سعودی عرب مہمند اور دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سمیت بجلی کے 5 مختلف منصوبوں کیلئے پاکستان کو 1 ارب 20 کروڑ 75 لاکھ ریال کے فنڈز فراہم کرے گا۔
سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کے ساتھ ایم او او کی سمری کل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ پاکستان کو سعودی عرب سے دیامر بھاشا ڈیم کیلئے 37 کروڑ 50 لاکھ سعودی ریال، مہمند ڈیم کیلئے 30 کروڑ اور شونتر منصوبے کیلئے 24 کروڑ 75 لاکھ ریال ملیں گے۔ جبکہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو جامشورو پاور پراجیکٹ کیلئے 15 کروڑ 37 لاکھ اور جاگران ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 13 کروڑ 12 لاکھ ریال فراہم کیے جائیں۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان 2 روزہ سرکاری دورے کے سلسلے میں 16 فروری کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔
Comments