جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کی تحقیقات کیلئے نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں کراچی روانہ
- News Ent
- Feb 8, 2019
- 2 min read

اسلام آباد(-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 فروری۔2019ء) جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کی تحقیقات کیلئے نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیںکراچی روانہ ہوگئی ہیں ٹیمیں ایف بی آر، ایکسائز اور اسٹیٹ بینک سے ریکارڈ جمع کریں گی جس کے بعد طلبی کے نوٹس جاری کیے جائیں گے. جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں ڈی جی نیب عرفان منگی کی قیادت میں تحقیقات کے لئے کراچی روانہ ہوگئی ہیں.
نیب راولپنڈی سے محمد یونس اورگل آفریدی سی آئی ٹی کی سربراہی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر محبوب عالم اور محسن علی راولپنڈی کی ٹیم کی سربراہی کررہے ہیں.
نیب کی چار ٹیمیں ایف بی آر، ایکسائز، اسٹیٹ بینک سے ریکارڈ جمع کریں گی اور انورمجید کی تمام ملز سے متعلق بھی ریکارڈ حاصل کیا جائےگا، ریکارڈ کے بعد طلبی کے نوٹس جاری کیے جائیں گے. ذرائع نے بتایا ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کک بیکس کی رقم منتقلی پرافسران سے بھی پوچھ گچھ ہوگیم اور تمام ٹیمیں ڈی جی نیب عرفان منگی کوتحقیقات سے آگاہ رکھیں گی.
دوسری جانب نیب نے سربمہر پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے ، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقات کیلئے 4 مزید مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں بنادی گئیں اور سیکرٹریٹ نیب کے پرانے دفتر میں قائم کردیاگیا ہے. رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹیموں کی سربراہی ڈی جی نیب راولپنڈی کررہے ہیں، چیئرمین نیب تمام معاملے کی نگرانی خود کریں گے، عدالتی فیصلے پر مکمل عملدرآمدکیا جائے گا.
دوسری جانب جعلی اکاﺅنٹس کیس میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست آج دائرکیے جانے کاامکان ہے، آصف زرداری، فرتال تالپور پہلے ہی نظرثانی درخواست دائرکرچکے ہیں. پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے درخواست دستخط کرکے وکلا کو ارسال کردی ہے.
بلاول بھٹو کی جانب سے درخواست آج سپریم کورٹ میں دائر کیے جانے کا امکان ہے. اس سے قبل سندھ حکومت نے جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس میں نظرثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ جعلی اکاﺅنٹس کیس اسلام آبادمنتقل نہ کیاجائے، مزیدانکوائری اسلام آباد میں کرنے سے انتظامی مسائل ہوں گے لہذا انکوائری کراچی میں ہی مکمل کی جائے.
Comentarios