اسپیکر سندھ اسمبلی کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کر لیا گیا
- News Ent
- Feb 20, 2019
- 1 min read

نیب کی زیر حراست اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو آج نیب کراچی کی ٹیم نے اسلام آباد سے گرفتار کیا جس میں نیب راولپنڈی کی مدد بھی حاصل کی گئی۔ آغا سراج درانی کو گرفتار کرنے کے بعد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے رو برو پیش کیا گیا۔
نیب نے احتساب عدالت سے آغا سراج درانی کے سات روزہ ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے کہا کہ سات روز کا وقت نہیں دے سکتے۔
جس پر نیب حکام نے کہا کہ آج یا کل صبح کراچی لے جائیں گے ۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے زیادہ وقت مانگا۔ دوران سماعت آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ آج شام 7 بجے میری واپسی کی فلائٹ تھی، نیب نے مجھے ایک پرفارمہ دیا تھا جسے پُر کر دیا تھا۔ عدالت نے نیب کی جُزوی استدعا منظور کرتے ہوئے آغا سراج درانی کا تین روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا اور نیب کو ہدایت کی کہ تین دن میں آغا سراج درانی کو کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے جبکہ عدالت نے آج ہی آغا سراج درانی کا طبی معائنہ کروانے کا حکم بھی دیا۔
Comments