top of page

Untitled

  • Writer: News Ent
    News Ent
  • Feb 27, 2019
  • 2 min read

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب اسلام آباد

۔ 26 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے مضبوط عزم، پیشہ وارانہ مہارت اور تجربہ کے لحاظ سے سب سے آگے ہیں اور مادر وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گی، ہم کسی دوسرے ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے لیکن اپنے ملک کا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کیسے لڑنی ہے، یہ ہم دنیا کو سکھا سکتے ہیں۔ وہ منگل کو بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں ”انٹرنیشنل کانفرنس آن میڈیا اینڈ کنفلیکٹ“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام وزارت اطلاعات و نشریات اور پاکستان پیس کولیکٹیو (پی پی سی) کی جانب سے کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز، بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل (ر) محمد شفیق اور پی پی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شبیر انور بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ معاشروں میں مختلف تنازعات جنم لیتے رہتے ہیں اور ان تنازعات کو ابھارنے یا حل کرنے میں میڈیاکا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے سرحد پر اشتعال کی کیفیت پیدا کی جا رہی ہے جو خطرے کا باعث ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ بھارت کے اندر ہوتا ہے اور اس کاالزام پاکستان پر عائد کردیا جاتا ہے جو بلاجواز ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے اس صورتحال میں واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور یہ پاکستانی عوام کی آواز ہے۔

Comments


bottom of page