پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز ،رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں مقامی اور عالمی گلوکاروں نے پرفارمنس
- News Ent
- Feb 15, 2019
- 2 min read

دبئی (14 فروری2019ء) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز کے ساتھ رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگیا جہاں مقامی اور بین الاقوامی گلوکاروں نے اپنی عمدہ پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے۔ جمعرات کو پی ایس ایل 4 کی افتتاحی تقریب پاکستانی وقت کے مطابق 8 بجکر 45 منٹ پر دبئی میں شروع ہوئی جس میں عوام کی بڑی تعداد سمیت سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اور متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا جس نے اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے لہو کو گرما دیا جس کے بعد چیئرمین پی سی بی نے مختصر خطاب کیا۔ چیئرمین پی سی بی نے لیگ میں شامل تمام ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ایونٹ کے تمام براڈ کاسٹرز اور اسپانسرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ایونٹ کے منعقد کیے جانے پر انہوں نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیاان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ دنیا کی مقبول ترین لیگوں میں سے ایک ہے اور شائقین کرکٹ بشمول پاکستانی عوام پی ایس ایل سے لطف اندوز ہوں گے۔
گزشتہ 3 سال کے دوران 3 کامیاب ایڈیشنز کے بعد پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن ایک ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہے گا جس کا اختتام 17 مارچ کو لیگ کی 2 بہترین ٹیموں کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹائٹل کے حصول کے لیے فائنل میچ سے ہوگا۔اس خطاب کے بعد معروف بینڈ بونیم کی گلوکارہ مارشیابیرٹ نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور ماضی کا سپر ہٹ گانا ’ڈیڈی کول‘ پیش کیا۔
ان کے بعد پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے اپنی شاندار پرفارمنس پیش کرتے ہوئے لیجنڈ گلوکارہ نازیہ حسن کا مقبول ترین سانگ ’ڈسکو دیوانے‘ پیش کیا جبکہ ان کے ہمراہ گلوکار شجاع حیدر بھی موجود تھے۔بعدازان دنیا کے مقبول تین راک بینڈز میں شمار ہونے والے جنون گروپ نے اپنی پرفارمنس سے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کا لہو گرما دیا جب انہوں نے معروف ملی نغمہ ’جذبہ جنون‘ پیش کیا۔
فواد خان نے پی ایس ایل 2019 کا ٹائٹل سانگ پیش کیا جسے اسٹیڈیم میں موجود تماشائی یک زبان ہوکر گاتے رہے۔تقریب میں جاری پرفارمنس کے ساتھ ہی پی ایس ایل میں شامل تمام ٹیمیں ایک ساتھ گروپ کی شکل میں میدان میں پہنچیں۔دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں تقریب کے اختتام پر شاندان آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ یو اے ای کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان کا پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہپی ایس ایل میں شامل تمام کھلاڑیوں کو یو ایای میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے ابتدائی میچز یو اے ای کے تین میدانوں میں ہوں گے جب کہ آخری میچز پاکستان میں ہوں گے۔شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے کہا کہ ہم پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرتے ہیں، پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہونے پر خوشی ہے اور پاکستان کے عوام کرکٹ سے بہت لگاؤ رکھتے ہیں۔تقریب میں پرفارم کرنے والے امریکی فنکار پٹ بل نے شرکت سے معذرت کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ طیارے میں فنی خرابی کے باعث رنگا رنگ تقریب کا حصہ نہیں بن سکیں گے
Comentarios