پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،
- News Ent
- Feb 18, 2019
- 1 min read

اسلام آباد ۔ 18 فروری : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے وزیر مملکت برائے دولت مشترکہ و اقوام متحدہ آفس لارڈ احمد آف ومبلڈن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان روابط کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دونوںرہنماﺅں نے مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق ظاہر کیا۔ وزیرخارجہ نے پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں برطانیہ کے محکمہ برائے بین الاقوامی تعاون (ڈی ایف آئی ڈی) کی معاونت کا اعتراف کیا۔ وزیر خارجہ نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات بالخصوص دونوں ممالک کے عوام کے مابین روابط کے فروغ کیلئے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے برطانیہ کے وزیر مملکت کو پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں موجود استعداد کار اور اس شعبے کے فروغ کیلئے پاکستان کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے برطانیہ کے وزیرمملکت کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ لارڈ احمد نے سماجی اور اقتصادی شعبوں میں حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے کی تعریف کی اور ملک میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری کا اعتراف کیا۔
Comentarios